ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورو: دکشن کنڑا ضلع کے حالات کو لے کر مرکزی حکومت کو رپورٹ سونپی جائے گی : سدانند گوڈا

منگلورو: دکشن کنڑا ضلع کے حالات کو لے کر مرکزی حکومت کو رپورٹ سونپی جائے گی : سدانند گوڈا

Wed, 12 Jul 2017 19:26:46    S.O. News Service

منگلورو:12/جولائی (ایس اؤنیوز)پچھلے ڈیڑھ ، دو مہینوں سے دکشن کنڑا ضلع کے حالات دگر گوں ہونے کو لے کر بی جے پی کے قومی و ریاستی لیڈران ریاستی حکومت کانگریس پر نشانہ سادھتے ہوئے قانونی نظام مکمل ناکام ہونے کا الزام عائد کررہے ہیں۔ حالات سے تلملا اٹھے مرکزی وزیر سدانند گوڈا نے دکشن کنڑا ضلع کے حالیہ واقعات کو لے کر مرکزی حکومت کو رپورٹ سونپنے کابیان دیاہے۔

شہر کے پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس کےذریعے بات کرتے ہوئے سدانند گوڈا نےکہاکہ ضلع میں ہورہے ناخوشگوارواقعات کو لے کر ضلع ڈی سی اور ایس پی سے بات چیت ہوچکی ہے، پچھلے 3مہینوں میں ضلع کے جوحالات رہے ہیں اس سے ریاست اور ملک میں غلط پیغام جارہاہے۔ دکشن کنڑا ضلع میں جو بھی ہنگامہ خیزی اور فسادات ہورہے ہیں اس کے لئے ضلع نگراں کاروزیر رماناتھ رائی راست طورپر ذمہ دارہونے کا الزام لگایا۔ ان کی اشتعال انگیزی سے ہی ضلع میں فسادات کادور دورہ ہے ، ضلع کے وزیر اپنا ہی صحیح ، اپنا ہی قانون سمجھ کر بہت تکبرانہ نظام چلارہے ہیں، ان کی نگرانی میں پورا ضلع برباد ہونےکی بات کہی۔

پریس کانفرنس میں سدانند گوڈا نے رماناتھ رائی کے بنٹوال ودھان سبھا حلقہ سے الیکشن لڑنے کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہاکہ میں کیوں ان کے خلاف لڑوں، ایک بوتھ لیول کے معمولی کارکن کو ان کے خلاف کھڑا کرکے جیت حاصل کریں گے۔ مرکزی وزیر نے بنٹوال واقعات کو لے کر ضلع کےدیگر تعلقہ جات میں پچھلے 48دنوں سے نافذ کئے گئے امتناعی احکامات کی مذمت کرتے ہوئے دفعہ 144کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اسی موقع پر انہوں نے ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن کو بحال رکھیں۔ پریس کانفرنس میں سابق وزیر کرشنا جے پالیمار، ناگراج شٹی ، رکن اسمبلی ایس انگارا، بی جے پی ضلع صدر سنجیو مٹمدور، بی جے پی لیڈران مونپا بھنڈاری ، رکمیا پجاری، ادئیے کمار شٹی ، سنیل کمار، کیپٹن گنیش کارنیک وغیرہ موجود تھے۔


Share: